(سید زوہیب بخاری) ملتان میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے ہیں۔
کپتان شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کی یادگار اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق نے بھی 102 رنز بنائے، شان مسعود نے نہ صرف سنچری اسکور کی بلکہ اپنے 2000 ٹیسٹ رنز بھی مکمل کر لیے، بابر اعظم نے 71 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی لیکن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، تیسرے سیشن میں بابر اعظم اور سعود شکیل نے 50 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی۔
جارح مزاج اوپنر صائم ایوب صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، نائب کپتان سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں، انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکینسن نے 2 جبکہ کریس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کی تقرری کا باقاعدہ اعلان کر دیا
دوسرے روز کا کھیل کل صبح 10 بجے شروع ہوگا، جہاں پاکستان اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا۔