(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست بہار کے بیتیا علاقہ سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے ، جہاں پر بھارتی فوج کے ایک شرابی جوان نے اپنی بیوی سمیت تین خواتین کو گولی ماردی ۔ گولی اس کی بیوی کے علاوہ پڑوس کی ایک خاتون اور 15 سال کی لڑکی کو لگی ۔ جنہیں علاج کیلئے جی ایم سی ایچ میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق یہ واقعہ مفصل تھانہ علاقہ کے بروت گاؤں میں پیش آیا ۔بتایا گیا ہے کہ نشہ میں مدہوش بھارتی فوجی جوان اپنی بیوی انیتا کے ساتھ مار پیٹ کررہا تھا ، جس کے بعد وہ بھاگ کر گھر سے باہر نکل گئی اور گاؤں کی خواتین کے درمیان جاکر چھپ گئی ۔ اس کے بعد غصہ میں فوجی جوان نے گھر کے اندر سے اپنی لائسنسی بندوق نکالی اور خواتین پر گولی چلادی ۔ فائرنگ کے اس واقعہ میں اس کی بیوی کے علاوہ گاؤں کی ایک خاتون پالمتی دیوی اور گاؤں کی ایک لڑکی کاجل بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی ۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے ملزم فوجی جوان کو گرفتار کرلیا اور اسکی لائسنسی بندوق بھی ضبط کرلی ہے ۔ملزم جوان نریش ساہ کی بیوی نے بتایا کہ وہ برابر اس کے ساتھ مار پیٹ کرتا ہے اور اتوار کو بھی شراب کے نشے میں مدہوش ہوکر اس کے ساتھ مار پیٹ کررہا تھا ، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا ۔ ملزم جوان نریش ساہ دہلی میں تعینات ہے اور چھٹیوں میں گھر آیا ہوا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کا جھانسہ دیکر خاتون سے 1سال زیادتی، متاثرہ نے لیا بڑا ایکشن