نیب کے ذریعے سیاستدانوں کی وفاداریاں تبدیل کی جا رہی ہیں۔۔شاہد خاقان عباسی کا الزام

Sep 07, 2021 | 14:03:PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب بیورو اور حکومت ایک ہی چیز بن گئے ہیں، حکومت مخالفین پر بے بنیاد الزامات لگا کر نیب کے ذریعے وفاداریاں تبدیل کروا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد قاخان عباسی کا کہنا تھا کہ تیسرا سال ہے ابھی تک یہ سمجھ نہیں آئی کہ کیس ہے کیا؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت ختم ہوچکی، ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، بے روزگاری بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے، کسی کو عوام کی پروا نہیں۔ ملک میں نا ختم ہونیوالی نااہلی اور کرپشن ہے،ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا، 20، 20 سال سے برسر روزگار افراد کو بے روزگار کر دیا گیا، 18 ہزار ملازمین کو برطرف کر دیا گیا، حکومت دگنی قیمت پر ایل این جی خرید رہی ہے ۔ایل این جی کا دنیا کا سب سے سستے دام کا سودا پاکستان اور قطر کے درمیان حکومتی سطح پر ہوا۔اس 6 سال کے عرصہ میں ایل این جی معاہدہ سے پاکستان کو 20 ارب ڈالرز کا فائدہ پہنچ چکا ہے ۔ حکومت آج اس معاہدے سے دوگنی قیمت پر ایل این جی خرید رہی ہے اس میں کرپشن کس نے کی؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے سی وی دیکھا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج تھے مگر انہیں تو قانون کا بھی نہیں پتہ۔ 
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ نیب کے جتنے کیس ہیں دیکھ لیں، میں کہتا ہوں کہ عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو دکھائیں، سپریم کورٹ کے فیصلوں میں حقیقت واضح ہے کہ نیب کا مقصد کیا ہے؟ نیب کا مقصد سیاست پر اثرانداز ہونا اور سیاسی وفاداریاں بدلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیس سال سے چیئرمین نیب لگ رہے ہیں، اب توسیع کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ ہر چیز بدنیتی پر مبنی ہے، چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں،کیا پاکستان میں اہل لوگ نہیں ہیں؟ایک شخص اتنا متنازعہ ہو، کیسز کی نوعیت اور سپریم کورٹ کے آرڈر دیکھ لیں۔ چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع ہوئی تو یہ معاملہ سپریم کورٹ تک جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے بارشوں کی پیش گوئی

مزیدخبریں