(24نیوز) کراچی کے ساحل پر 49 روز سے پھنسے مال بردار جہاز کو بالآخر کھلے سمندر میں لے جانے کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے ۔ جہاز اپنے انجن کی مدد سے گہرے سمندر کی جانب رواں دواں ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بحری جہاز 2ہزار میٹر سے زائد سمندر کے اندر چلا گیا ہے۔
2 ٹگ بوٹس اور کرین شپ کی مدد سے جہاز کو گھسیٹا گیا۔ بحری جہاز کے ہیڈ پر 3 مضبوط رسے باندھے گئے تھے۔ جہاز کو بدھ کے روزچینل تک منتقل کردیا جائے گا۔انتظامیہ نے بتایا کہ جہاز کے ری فلوٹنگ آپریشن میں سالویج ماسٹر، 2کرین بارج ،دو ٹگس نے حصہ لیا۔ اب جہاز گہرے سمندرمیں موجود ہے۔انہوں نے بتایاکہ جہاز نے کرین شپ کو کراس کرلیا جو800میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔انتظامیہ کے مطابق جہاز کا انجن اسٹارٹ اور مکمل ورکنگ میں ہے ، جہاز مزید آگے لے جانے کیلئے دونوں ٹگس جہاز کیساتھ موجود ہیں، جہاز گہرے سمندر ،برتھ ہونے کے بعد بھی کے پی ٹی تحویل میں رہے گا۔جہاز سے نکالا گیا تیل واپس جہاز میں منتقل کیا جائے گا اور جہاز کی وجہ سے پہنچنے والانقصان جہازمالک سے وصول کیا جائے گا، میرین مرکنٹائل ڈیپارٹمنٹ جہازکے برتھ ہونے کے بعد مکمل معائبنہ کرے گا۔
ایان شپ بریکر کمپنی کے سی ای او الطاف گھانچی نے بتایا کہ موسم اور اونچی لہروں کے باعث تیسری کوشش میں کامیابی ملی ہے۔ اس کے علاوہ ٹگ بوٹ اور جہاز کا فاصلہ 600 سے 800 میٹر کے درمیان رکھنے سے بھی جہاز کھینچنے کی کوشش کامیاب رہی۔شپنگ ایجنٹ کیپٹن عاصم اقبال نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں جہاز کی سمت کو درست کیا گیا اس کے بعد اسے گہرے پانی میں لانے کی کوششیں شروع کی گئیں، جہاز کو کھینچنے کے لئے کوبرا روپ استعمال کی گئی، کوبرا روپ سے ایک لاکھ ٹن وزنی جہاز کھینچا جاسکتا ہے، جہاز کو مختلف مراحل میں ساحل سے 2500 میٹر فاصلے پر پہنچایا گیا۔ساحل سے جہاز نکالنے والی سی میکس کمپنی کے نمائندے عارف شیخ نے کہاکہ آپریشن کے دوران کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔لو واٹر کے باعث مشکلات رہیں۔ ہمارے عملے اور ٹگ بوٹس سمیت پوری ٹیم نے شاندار کام کیا۔انہوں نے کہاکہ جہاز کو کے پی ٹی کی برتھ پر لےجایا جائے گا۔ کے پی ٹی کی برتھ پر جہاز کا معائنہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر باہر کی کوئی کمپنی کام کرتی تو دو ملین ڈالر خرچ ہوتے۔ باہر کی کمپنی ساحل پر گہری کھدائی کرتی۔ پاکستانی کمپنی ہونے کی حیثیت سے غیر ملکی کمپنی کے مقابلے میں ایک چوتھائی لاگت میں آپریشن مکمل کیا گیا۔
وزارتِ ساحلی امور کے مشیر محمود مولوی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اللہ کے فضل سے جہازگہرے سمندرمیں آچکاہے، اب جہازتحویل میں لیکرکارروائی شروع کریں گے، جہازاس وقت سیف واٹرمیں ہے ، جہازکاپہلے مکمل چیک اپ ہوگاپھرجانےکی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگ کہہ رہے تھے کہ جہاز نہیں نکلے گا، جہازنکالنے میں کافی خرچہ آیاہے پوراخرچہ مالک نے دیاہے، حکومت کاجہازنکالنے میں ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا،انہوں نے کہاکہ جہاز گہرے سمندر میں جاچکا، اب جہاز محفوظ پانی میں آچکا ہے، جہاز کو اب کراچی کی بندرگاہ پر لے جایا جائے گا، جہاز کو تکنیکی لحاظ سے موزوں ہونے کے بعد روانگی کی اجازت دی جائے گی، ماضی میں یہاں پھنسنے والے جہاز کاٹ کر نکالے گئے تھے، یہ پہلا جہاز ہے جسے باحفاظت نکالا گیا۔ ترجمان کے پی ٹی کے مطابق سالویج کمپنی نے میرین مرکنٹائل ڈپارٹمنٹ کو نیا پلان جمع کرایا تھا اور اس وقت کے پی ٹی کے سابق ڈپٹی کنزرویٹر کیپٹن الطاف جہاز سے آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔یاد رہے کہ ہونگ ٹونگ نامی بحری جہاز بیجنگ سے استنبول جارہاتھا۔ بحری جہاز 21جولائی کو عملہ تبدیل کرنے کراچی پہنچااور ساحل پر پھنس گیا۔
یہ بھی پڑھیں۔بو لڈاداکا رہ اشنا شاہ کی نامناسب تصاویر سے سوشل میڈیا پر کھلبلی
کراچی ۔ سی ویو پر پھنسا بحری جہاز 49 روزبعد نکال لیا گیا
Sep 07, 2021 | 18:50:PM