(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کیس پر سماعت کی، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ عرصہ دراز سے محکمہ میں عارضی بنیادوں پر ملازمت کر رہے ہیں، اہلیت اور مدت پوری ہونے کے باوجود مستقل نہیں کیا جا رہا، پنجاب حکومت کو متعدد بار درخواست دی، شنوائی نہیں ہو رہی، عدالت پنجاب حکومت کو ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔
ادھر پی سی ایس اور پی ایس ایس افسران کی فیلڈ پوسٹنگ کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔ پی سی ایس افسران نے پنجاب سیکرٹریٹ سروس افسران کی فیلڈ پوسٹنگ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق دلائل طلب کرلئے۔
دوسری جانب لے پالک پیٹے کو باہر بھیجنے کےخلاف حقیقی والدین نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ جسٹس شان گل نے بچے کی والدہ زبیدہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بچپن میں بیٹے نفیس علی کو اپنے بھائی کو دیدیاتھا، بھائی وارث علی اب زبردستی بیٹے کو اٹلی لے جانا چاہتا ہے، ہم حقیقی والدین ہیں، ہماری اجازت کے بغیر ہمارے بیٹے کو بیرون ملک نہیں بھجوایا جا سکتا۔
خاتون نے مزید بتایا کہ نادرا کی دستاویزات میں بچے کو لے پالک لکھوایا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت بیٹے کو بیرون ملک بھجوانے سے روکنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سینئر وکیل کو عدالتی معاون مقرر کر دیا۔