(ویب ڈیسک)حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت کے بجائے مارکیٹ فورسز کے سپرد کرنے کافیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں کرے گی اور قیمتوں کا تعین مارکیٹ فورسزکریں گی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو نومبر سے ڈی ریگولیٹ کرنے کیلئے اوگرا کو ٹاسک دے دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چئیرمین اوگرا کی زیر صدارت آج بروز بدھ اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوگا۔
اس سلسلےمیں آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ریفائنریز کو اوگرا کی جانب سے خط تحریر کردیا گیا ہے،آئل سیکٹرکی ڈی ریگولیشن کیلئے اوگرا کو ٹی او آر تیارکرنے کی حکومتی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ آئل سیکٹر نمائندوں کو آج ڈی ریگولیشن پر پریزینٹیشن دینے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں کتنی کمی ہوئی ؟ آئل مارکیٹنگ کمپنز نے ایندھن کی فروخت کا ڈیٹا جاری کر دیا، رپورٹ کے مطابق اگست 21 کے مقابلے اگست 22 میں ایندھن کی مجموعی فروخت 22.3 فیصد کمی سے 15.30 لاکھ ٹن رہی، اگست 21 میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 19.60 لاکھ ٹن تھی، اسی طرح اگست 21 کے مقابلے اگست 22 میں پیٹرول کی فروخت میں 13 فیصد کمی ہوئی اگست 21 میں 7.40 لاکھ ٹن کے مقابلے اگست 22 میں 6.40 لاکھ ٹن پیٹرول فروخت ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اگست 21 کے مقابلے اگست 22 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 26 فیصد کمی ہوئی، اگست 21 میں 6.70 لاکھ ٹن کے مقابلے اگست 22 میں 5 لاکھ ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل فروخت ہوا، اسی طرح اگست 21 کے مقابلے اگست 22 میں فرنس آئل کی فروخت میں 35 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی، اگست 21 میں 5.10 لاکھ ٹن کے مقابلے اگست 22 میں 3.30 لاکھ ٹن فرنس آئل فروخت ہوا۔
رواں مال سال پہلے 2 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 24 فیصد کمی سے 29.70 لاکھ ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال پہلے دو ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 39 لاکھ ٹن تھی۔
علاوہ ازیں ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ایل پی جی ایسوسی ایشن نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت 10 ستمبر تک قیمتوں کو کنٹرول کرے ورنہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی، چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اوگرا کی جانب سے قیمت 212 روپے مقرر کی لیکن فروخت 280 روپے میں ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 2496 مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 3300 میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں گیس کی قیمت 270 سے 300 روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے۔