ڈینگی سے پہلی ہلاکت رپورٹ

Sep 07, 2022 | 13:06:PM

(ویب ڈیسک) کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی وائرس شدت اختیار کرگیا ہے۔ شہر قائد کے بلڈ بینکس کو میگا یونٹس اور پلیٹ لیٹس کی قلت کا سامنا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ستمبر کے پہلے 6 دنوں میں 450 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کراچی میں 19 سالہ نوجوان ڈینگی سے انتقال کرگیا۔ رواں برس سندھ میں ڈینگی سے یہ پہلی ہلاکت ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے مہینے میں 5 دن کے دوران ڈینگی وائرس کے صوبہ بھر میں 450 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 434 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست کے مہینے میں ایک ہزار 336 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ جون اور جولائی کے دو ماہ میں مجموعی طور پر 672 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں کورونا کیسز 15 لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کرگئے

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سوموار کے روز کراچی میں ضلع شرقی کے علاقے سولجر بازار (عامل کالونی) کا رہائشی 19 سالہ نوجوان ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگیا، یہ رواں برس سندھ میں پہلی ہلاکت ہے۔

طبی ماہرین نے کراچی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے رپورٹ میں ظاہر کئے گئے کیسز کی تعداد انتہائی کم ہے، شہر کراچی میں روزانہ درجنوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں لیکن محکمہ صحت یا تو ان کیسز کو رپورٹ نہیں کررہا یا یہ کیسز گھروں تک ہی محدود رہتے ہیں۔

مزیدخبریں