(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے سرکاری دفاتر میں ایک سے دو بجے تک نماز ظہر کا لازمی وقفہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
رکن اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے سرکاری دفاتر میں ایک سے دو بجے تک نماز ظہر کا لازمی وقفہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز جامعہ اشرفیہ میں ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا اسلام کی خدمت، جمہوریت اور ملکی دفاع کے حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کردار قابل تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا ملک کو انتشار و فساد، خانہ جنگی اور ہر قسم کے حالات سے پاک فوج اور علمائے کرام نے بچا رکھا ہے، پی ڈی ایم غلط فہمی میں نہ رہے کہ کسی کے پاک فوج کے ساتھ تعلقات خراب ہوں گے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا یہ بھی کہنا تھا 10 دن بعد نوکریوں سے پابندی اٹھالی جائے گی تاکہ لوگوں کو روزگار ملے۔