(ویب ڈیسک ) افغان حکومت کی جانب سے ممنوعہ جگہ پر چوکی قائم کرنے اور پاک فوج کی جانب سے منع کرنے پر افغان فورسز کی فائرنگ پر پاک فوج کا بھرپور جواب ۔
تفصیلات کے مطابق طورخم بارڈر پر ممنوع جگہ پر پوسٹ بنانے سے منع کرنے پر افغان فورسز نےفائرنگ کی جس پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، افغان فورسز نے پاک فوج کی پوسٹوں پر پہلے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور پھر بڑے ہتھیار استعمال کیے ، پاک فوج کے جوانوں نے افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ، جس کے بعد تجارتی گزرگاہ کو بند کر دیا گیا ہے ۔
مقامی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغان فورسز کے درمیا ن فائرنگ کا تبادلہ تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہا ، فائرنگ میں پہل افغان فورسز کی جانب سے کی گئی ۔ بتایا گیاہے کہ فائرنگ کا واقعہ افغان حکام کی جانب سے مرکزی سرحدی گزر گاہ کے قریب ممنوعہ علاقے میں چیک پوائنٹ کی تعمیر شروع کیے جانے کے بعد پیش آیا،پاکستانی حکام نے بتایا کہ اس علاقے میں افغان حکام کی چیک پوائنٹ پہلے ہی موجود ہے جسے لارم پوسٹ کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن انہوں نے پاکستانی حکام سے بات چیت کیے بغیر چھوٹی پہاڑی پر ایک اور چوکی کی تعمیر شروع کر دی۔
حکام کا کہنا تھا کہ بارڈر سیکیورٹی حکام نے فائرنگ شروع ہونے سے کچھ منٹ قبل بھی ایک میٹنگ کی تھی۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ میٹنگ کا ایجنڈا کیا تھا اور کس بات پر دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔طورخم پر تعینات کسٹم ایجنٹ جمشید خان نے بتایا کہ فائرنگ شروع ہوتے ہی طورخم بارڈر کراسنگ کے قریب موجود ہر شخص نے فوری طور پر اپنے کام کی جگہیں چھوڑ دیں اور چھپنے کے لیے بھاگا۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ فائرنگ کس جانب سے شروع کی گئی، پہلے ہم نے چھوٹے ہتھیاروں سے کی گئی فائرنگ کی آواز سنی اور پھر دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان رد
پاکستان میں مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار ارشاد مہمند نے اے ایف پی کو بتایا کہ افغان فورسز نے ایسے علاقے میں چیک پوائنٹ قائم کرنے کی کوشش کی جہاں دونوں فریق کی جانب سے کوئی چوکی قائم نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اعتراض کے بعد افغان فورسز نے فائرنگ کی جس کے بعد پاکستانی سرحدی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔پاکستانی پولیس اہلکار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ بدھ کی دوپہر تک فائرنگ کا سلسلہ رک گیا لیکن سرحد بند رہی، ”ماحول کشیدہ ہے“ اور “دونوں جانب کی افواج چوکس ہیں ، طورخم بارڈر ایک اہم تجارتی راستہ ہے جہاں سے افغانستان کوئلے کے ٹرک برآمد کرتا ہے اور پاکستان سے خوراک و دیگر سامان برآمد کرتا ہے۔