( احمد منصور )سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش کی بنادی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پرحملے کی کوشش کی، چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملے کی کوشش ناکام بنانےپر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، بہادر سپوتوں نےفتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ حملہ ناکام بنانے اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک وجود کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ بروقت ایکشن کرکے دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔