ایک سیاسی جماعت نے پاکستان اور اداروں کو بدنام کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا: اسحاق ڈار

Sep 07, 2024 | 12:15:PM

(ویب ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور اداروں کو بدنام کرنے کیلئے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔
اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن کے زیراہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے لندن میں منعقدہ تقریب سے اسحاق ڈار نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا،اسحاق ڈار نے کہا کہ اپریل 2022 کے بعدسے ایک سیاسی جماعت پاکستان پر حملہ آور ہے، پتا نہیں ہم کب سیاسی طور پربالغ ہوں گے، گزشتہ حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے جمہوری طریقے سے گھربھیجا، سابق حکومت نے فتنہ الخوارج کیلئے سرحدیں کھولیں، دہشتگردی کودوبارہ جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے۔
 اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے ایک وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے پی آئی اے کو یورپ میں بند کردیا، قومی ایئر لائن جلد بحال ہوگی، پوری کوشش کررہے ہیں اور اسلام آباد ایئرپورٹ کو آو¿ٹ سورس کررہے ہیں،برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نشستیں ملنی چاہئیں، پاکستان کا مستقبل صرف جمہوریت میں ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ متفقہ طور پر میثاق جمہوریت کیا، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو میثاق جمہوریت کیلئے دعوت دی۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ پر ٹیکس ریٹرن نہ کرنے کا بھونڈا الزام لگایا گیا تھا، بروقت انصاف نہ ملنے کے سبب مجھے برطانیہ میں قیام کرنا پڑا،گزشتہ ڈھائی سال سے پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، ہمیشہ کہا کہ آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو پاکستان دیوالیہ نہیں کرے گا۔

مزیدخبریں