(24نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی چیئرمین عمران خان نے کارکنان اور ورکرز کی تحفظات اور مرکزی لیڈر شپ کے درمیان اختلافات پر پارٹی میں تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے جس میں پنجاب ،خیبر پختونخواہ سمیت مرکزی عہدوں پر بھی نئے چہرے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کےبانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی میں تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عمر ایوب کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد سلمان اکرم راجہ کا نام سامنے آ گیا،اسلام آباد جلسہ کے بعد مرکزی ترجمان رؤف حسن کا استعفی بھی سامنے آنے کا امکان ہے،رؤف حسن نے ایف آئی اے کی حراست کے بعد سے پارٹی کی مزید ترجمانی سے انکار کیا تھا،پارٹی کے مرکزی ترجمان کے لیے شیخ وقاص اکرم موسٹ فیورٹ امیدوار ہے۔
ذارئع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب پارٹی کے تینوں بڑے دھڑوں کو یکجا کرنے میں ناکام رہے تھے،اسد قیصر ،شبلی فراز گروپ نے واضح طور پر عمر ایوب پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا،عارف علوی نے بھی اختلافات ختم کروانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے،عارف علوی نے اپنی رپورٹ میں پارٹی کی تنظیم نو کی سفارش کی تھی،عارف علوی کی سفارشات کے بعد خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں پارٹی سطح پر بڑی تبدیلیاں آئیں گی۔
ذرائع کامزید کہنا ہے کہ عمر ایوب کے استعفی کے بعد ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی کو اختیارات دے دیے گئے، سیکرٹری جنرل کئی نامزدگی کے بعد ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ذمہ داری سنبھالتے ہیں، سیکرٹری جنرل کی نئی تعیناتی کا عمل پینل کی بنیاد پر انتخابات سے ہوتا ہے،سیکرٹری اطلاعات کے لیے بھی پارٹی سطح پر مشاورت کا عمل مکمل ہو گا، بغیر الیکشن اور صرف نامزدگی کے ذریعے جنرل سیکرٹری کی تعیناتی الیکشن کمیشن میں مسائل پیدا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں رعایت مانگ لی، بریت کی درخواست دائر