(24نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت ان کی دائیں اور وفاقی حکومت بائیں جیب میں ہے،کل جہانگیر ترین کیساتھ جو ایم این ایز اور ایم پی ایز کی تعداد تھی وہ حکومت گرانے کیلءے کافی ہے ۔ حکومت گرانے کیلئے انہیں جہاز گھمانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ آج جہانگیر ترین کہہ رہے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، ن لیگ کیخلاف کارروائی پر جہانگیر ترین نے کبھی نہیں کہا ظلم ہو رہا ہے، جہانگیر ترین نے ہم سے رابطہ کیا تو پارٹی پالیسی کے مطابق فیصلہ کریں گے،لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شریف فیملی کے کاروبار کو جرم بنا کر پیش کیا گیا، شریف فیملی نے لاکھوں لوگوں کو روزگار دیا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے ڈسکہ کا الیکشن صاف اور شفاف ہوگا، مسلم لیگ ن الیکشن میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ اپوزیشن حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، پی ڈی ایم ووٹ کی عزت کیلئے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ایک ایجنڈا طے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہار نہیں مانوں گا۔۔ گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن پھر چیلنج کر دیا