(24 نیوز) الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پریذائڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکہ این اے 75 کے 20 پولنگ اسٹیشنز سے پریذائڈنگ افسران غائب ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے آئندہ ضمنی انتخابات کیلئے لائحہ عمل اپنا لیا ہے اور ضمنی انتخابات کیلئے تعینات پریذائڈنگ افسران کیلئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں اور پریذائڈنگ افسران کیلئے سمارٹ فون لازم قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران کے پاس سمارٹ فون ہو گا، اور تمام پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران موبائل پر لوکیشن آن رکھیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام پریذائڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر لیں گے اور پریذائڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔
انٹرنیٹ یا سگنلز کی خرابی کی صورت میں پریذائڈنگ افسران نتیجہ لے کر ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے گا، اور سگنلز اور انٹرنیٹ کی خرابی کی صورت میں پریذائڈنگ افسران فرانزک تفصیلات بھی ریٹرننگ افسر کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کو پھر ماموں بنا دیا گیا