این اے 249 ۔۔مفتاح اسماعیل کے حق میں ایک امید وار دستبردار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار مولانا عمر صادق نون لیگ کے مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار ہوگئے۔
مسلم لیگ ن کے وفد کی مفتاح اسماعیل کی قیادت میں جے یو آئی ف کی قیادت سے ملاقات ہوئی۔مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جے یو آئی ف ہمارے ساتھ ہے، 29 اپریل کو عوام فیصلہ کرے گی کہ کون جیتتا ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن لڑیں گے، پیپلزپارٹی سے ہمیں کوئی امید نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ہمارے ساتھ ہے، ہم مل کر الیکشن لڑیں گے پچھلی مرتبہ پی ایس پی نے 16 سو اور ن لیگ نے 34 ہزار ووٹ لیے تھے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جو بھی مخلوق ہو اس کے کام کرنے کی ایک حد ہوتی ہے۔
ادھروفاقی وزیر مراد سعید نے وفاقی وزرا کی مہم میں شمولیت سے متعلق الیکشن کمیشن کے انتباہ کے حوالے سے کہا ہے کہ میرے کراچی پہنچنے سے پہلے بیان جاری کر دینا سمجھ سے باہر ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ ہم آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے۔ الیکشن کمیشن اپوزیشن ارکان کو کھلی چھوٹ دے کر ہمارے ہاتھ پاو¿ں باندھ رہا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اسمبلی میں ہوں تو اپوزیشن ارکان ایوان سے بھاگتے ہیں، اب کراچی آنے سے بھی خوفزدہ ہیں، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ دے، ساتھ ہی مراد سعید نے جمعہ سے کراچی میں انتخابی مہم میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے۔مراد سعید کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب بھی شیڈول ہیں۔
دریں اثناترجمان دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضمنی انتخاب برائے این اے 249 کراچی غربی۔II میں پریذائیڈنگ افسروں اور سینئر پریذائیڈنگ افسروں کی تربیت کا آغاز گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج سائٹ میں کردیا گیا ہے۔ اِس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے محترم چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی خصوصی ہدایات کے مطابق ٹریننگ سینٹر جوکہ 5کمروں پر مشتمل تھا کا دورہ کیا۔ اِن کے ہمراہ سید ندیم حیدر، ریجنل الیکشن کمشنر کراچی/ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، محمد سجاد خٹک، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کورنگی/ ریٹرننگ آفیسر این اے 249 کراچی غربی۔II، عبدالرحمن آرائیں، ریجنل الیکشن کمشنر شہید بےنظیر آباد/ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، محمد یوسف، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی سینٹرل/ مانیٹرنگ آفیسر باہمراہ حامد حسین، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی غربی ، حمیرا بنت معاذ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کیماڑی اور اسسٹنٹ کمشنر/اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر عبدالحنان بھٹو بھی موجود تھے۔ اِس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے تمام پریذائیڈنگ افسران کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پریذائیڈنگ افسران سرکاری ملازم ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور ایمان داری کے ساتھ سرانجام دیںاور ضمنی انتخاب میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔
یہ بھی پڑھیں۔ اسپیکر اسد قیصر کو کابل ایئرپورٹ لینڈنگ کی اجازت نہ ملی