(24 نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین زیادہ دیر پاکستان تحریک انصاف میں نہیں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے دعویٰ کیا تھا کہ جہانگیر ترین پیپلز پارٹی میں شامل ہونے جارہے ہیں تاہم جہانگیر ترین نے اس قسم کی تمام قیاس آرائیوں کی تردید کی اور بعدازاں شہلا رضا نے اپنی ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کر دی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بھی جہانگیر ترین سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین زیادہ دیر پی ٹی آئی میں نہیں رہیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ تین سال میں وفاق نے صوبوں کو دیا کیا ہے؟ چھیننے میں لگے ہیں، ہمارا 85 فیصد ٹیکس ریونیو وفاق اکٹھا کرتا ہے، زیرو فیصد گروتھ کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم ہر ہفتے چیف سیکرٹری کو کہتے ہیں کہ عمارتیں کیوں نہیں بنا رہے،کچھ شر پسند ہیں جو ہر روز نئے نوٹیفکیشن نکلوا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقے کو ترقی دلانے کیلئے کوشاں ہیں، صنعتکاروں کے ساتھ ملکر صنعتی علاقے کو ترقی دلائیں گے۔ مردم شماری سے متعلق چاروں صوبوں کو تحفظات ہیں۔
کاروبار سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دو دن کاروبار بند کرنے کا فیصلہ این سی او سی میں ہوا، کورونا سے بچنے کیلئے ہم سب کو احتیاط کرنا ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے رمضان میں سرکاری دفاتر کا شیڈول جاری کردیا