پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت سالانہ امتحانات 15 جولائی سے شروع ہونگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ارکان کا اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں بورڈ کے 5 نکاتی ایجنڈے اور انتظامی امور کی منظوری دی گئی۔
بورڈ نے ٹیوٹ کے تمام پروگراموں کے امتحانات کے حوالے سے امیدواروں کے لامحدود چانسز اور لائف ٹائم رجسٹریشن کی منظوری دی۔اجلا س نے سی ایف ای کالج لاہور، مسلم انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز لاہور اور حمزہ ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹر سائنسز میں جعلی داخلوں پر وظائف کی ادائیگی پر بورڈ کے ساتھ الحاق کے خاتمے کا معاملہ پی ایس ڈی اے بجھوانے کی ہدایت کی۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سفارشات کی روشی میں اِ ن اداروں کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں 11 اپریل 2021 کو ریٹائرہونے والے بورڈ سیکرٹری فقیر محمد کیفی کی خدمات کو سراہا گیا اورسیکرٹری بورڈ کا چارج تین ماہ کے لیے کنٹرولر (امتحانا ت) منور حسین کو دینے کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح اجلاس میں شرکت کرنے والے بورڈ ارکان کے لیے اعزازیہ کی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے تمام امور قواعد و ضوابط اور محکمہ خزانہ کے رولز کے مطابق آگے بڑھائے جائیں اوربورڈ کے تحت منعقدہونے والے امتحانات کے نظام کو مزید شفاف اور بہتر بنایا جائے۔اسی طرح پریکٹیکل امتحانات کو بھی موثر بنایا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کو ایک چھتری تلے لانے کے لیے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور فنی تعلیمی اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار معاشی ترقی اور صنعتی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کنٹرولر (امتحانات)منور حسین نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن کے تحت سالانہ امتحانات 15 جولائی سے شروع ہونگے۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن محمد ناظر خان نیازی، سیکرٹری بورڈ فقیر محمد کیفی، کنٹرولر(امتحانات) منور حسین اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں۔آئی ایم ایف نے سٹیٹ بنک کی مزید خود مختاری کا مطالبہ کر دیا