عمران خان کا ایک ہفتے میں تین بار وزیر اعظم بننے کا ورلڈ ریکارڈ قائم:کامیڈین شفاعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)میزبان اور کامیڈین شفاعت علی نے3 اپریل کی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ ،سپریم کورٹ کے فیصلے پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاب نے ایک ہفتے میں تین بار وزیر اعظم بننے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی اجلاس ہرصورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر جہاں سیاستدانوں کے ردعمل سامنے آئے اسی دوران پاکستانی میزبان اور کامیڈین شفاعت علی نے بھی دلچسپ تبصرہ کیا۔
شفاعت علی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ'الحمدللہ خان صاب ایک ہفتے میں تیسری بار وزیراعظم بن گئے، ورلڈ ریکارڈ'۔
الحمدللہ خان صاب ایک ہفتے میں تیسری بار وزیراعظم بن گئے۔ ورلڈ ریکارڈ
— Shafaat Ali (@iamshafaatali) April 7, 2022
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اتوار کے روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا۔قرارداد مسترد ہونے کے بعد عمران خان نے قوم سے خطاب میں صدر پاکستان کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا جس کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تھی تاہم اب سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا فیصلہ ۔ملک بھر میں جشن۔آتشبازی۔مٹھایاں تقسیم