(ویب ڈیسک) ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدمسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نےخوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن منایا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے پر ملک کے مختلف شہروں میں جشن منایا گیا، اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے آتشباری کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں بھی کھلائیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، آتش بازی کی اور سپریم کورٹ کے حق میں نعرے لگائے۔
گوجرانوالہ کی وحدت کالونی میں ن لیگ کے کارکنوں نے جشن منایا اور بھنگڑے ڈالے۔
ملتان میں شمس آباد کالونی اور ڈبل پھاٹک چوک پر جبکہ فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک پر ن لیگی کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
سیالکوٹ، منڈی بہاء الدین، بہاولنگر، نارووال، حافظ آباد، لودھراں، وہاڑی، کمالیہ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی جشن منایا گیا۔
سکھر کے سکھر ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا اور جیالوں نے آتشبازی کی۔
حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ نوابشاہ، مٹیاری، ٹھٹھہ، ٹنڈوالہیار میں بھی مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور جشن منایا گیا۔
کوٹلی آزاد کشمیرکے شہید چوک میں پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے کارکنوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔
استور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ضلعی ہیڈ کواٹر عیدگاہ میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ملک کے دیگر تمام چھوٹے بڑوں شہروں میں بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر جشن منایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی اگلی حکمت عملی کیا ہو گی؟وزیر تعلیم نے بتا دیا