شکریہ مودی جی۔ جے سوریا نےبھارت کو بڑا بھائی کیوں قرار دیا ؟

Apr 08, 2022 | 16:58:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق کرکٹر سنتھ جے سوریا نے بھارت کی جانب سے سری لنکا کو ہزاروں ٹن ایندھن فراہم کرنے پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت نے معاشی بحران سے گزر رہے سری لنکا کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ سری لنکا کے اس بدترین مرحلے میں بھارت نے اب تک کل 2,70,000 میٹرک ٹن ایندھن فراہم کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36,000 میٹرک ٹن پٹرول اور 40,000 میٹرک ٹن ڈیزل کی کھیپ جزیرہ نما ملک کے لئے روانہ کی گئی ہے۔ اس پر سری لنکا کے سابق کرکٹر جے سوریا نے اپنے ردعمل میں بھارت  کو بڑا بھائی کہتے ہوئے مدد بھیجنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ بھارت کی مدد کرنے کے بارے میں جے سوریا نے کہا کہ ہمارے ملک کے پڑوسی اور بڑے بھائی کے طور پر بھارت نے ہمیشہ ہماری مدد کی ہے۔ ہم بھارتی حکومت  اور وزیراعظم مودی کے شکر گزار ہیں۔ موجودہ حالات کی وجہ سے ہمارے لئے اس صورتحال میں جینا آسان نہیں ہے۔بھارت اور دیگر ممالک کی مدد سے ہمیں اس بحران سے نکلنے کی امید ہے۔بتادیں کہ 24 گھنٹوں میں بھارت سے 76 ہزار ٹن ایندھن سری لنکا بھیجا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کا معاشی بحران اتنا گہرا ہو چکا ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایندھن، کھانا پکانے کی گیس کے لئےلمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ لوگ پمپوں پر پٹرول اور ڈیزل کیلئے کئی گھنٹے انتظار کرنے پر مجبور ہیں، اشیائے ضروریہ کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور بجلی کی مزید گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے عوام تنگ آچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یوکرین پر حملہ ۔۔روس کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت معطل

مزیدخبریں