(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نےکہا ہےکہ عمران نیازی جھوٹ نہ بولیں ، خط عوام کو دکھائیں ،اقتدار سے چمٹا شخص خوددار نہیں، صرف خودغرض ہے، اپنے کھوئے ہوئے اقتدار کے غم میں عمران نیازی نے پارلیمنٹ، آئین، عدالت پر حملے کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران نیازی نے کل کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا آج پیشگی اعلان کردیاہے۔ عمران نیازی خط کے معاملے پر جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں، عوام کو بھیڑ بکریاں نہ سمجھیں۔ سپریم کورٹ نے تمام شواہد دیکھنے کے بعد ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی قرار د ے کر کالعدم کیا ۔مہنگائی، بے روزگاری، بھوک، افلاس، نفرت پھیلانے والے عوام میں شوق سے جائیں۔انہوں نے کہا عمران نیازی آرٹی ایس سے اقتدار میں آئے تھے، عوام نے انہیں مسترد کیا تھا، پارلیمنٹ، عدالت، حکومت، سیاست میں ہارنے کے بعدذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ ن لیگ کے صدر نے کہا کہ اتحادی اور عوام آپ کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا بوجھ مزید اٹھانے کو تیارنہیں ،عمران نیازی آئین کے مطابق عدم اعتماد کا مقابلہ کریں، عمران نیازی کے جھوٹ کا جواب کل پارلیمنٹ ہاﺅس میں ووٹنگ کی شکل میں دیں گے، پاکستان کے آئین، پارلیمنٹ اور عوام کو ایک شخص کی ضد، تکبراور دھونس کا یرغمال نہیں بننے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی اور چیف سیکرٹری کا تبادلہ۔عثمان بزدار نےغیر قانونی سمری ارسال کر دی