(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
وفاقی حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جس پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ چیف جسٹس نے آئین کی پاسداری کی وہ کیوں استعفیٰ دیں؟۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ آئین کو پامال کرنے والے وزیر اعظم شہباز شریف استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کس منہ سے چیف جسٹس سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہ ایک بار پھر 90ء والی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنی غیر آئینی روش نہ بدلی تو عوام راست اقدام کریں گے، ادارے اتنے کمزور نہیں کہ ایک صوبائی الیکشن میں سکیورٹی نہ دے سکیں۔
صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ آج سے زیادہ مشکل حالات میں بھی فوج نے الیکشن میں سکیورٹی دی، سپریم کورٹ نے اداروں کی رپورٹ دیکھ کر ہی الیکشن کرانے کا فیصلہ دیا۔