(ویب ڈیسک) چین نے امریکی اتحادی ملک تائیوان کا گھیراو شروع کر دیا جس سے خطے میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین نے تائیوان کی سرحد کے قریب اپنے جنگی بیڑوں کو تعینات کرنا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے جارحانہ عمل تائیوان کے صدر سائی انگ وین اور امریکی ایوان کے اسپیکر کیون میکارتھی کی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا کہ تین چینی جنگی جہاز تائیوان کی سمندری حدود میں موجود ہیں جبکہ ایک لڑاکا طیارہ اور ایک آبدوز شکن ہیلی کاپٹر نے بھی تائیوان کے فضائی زون کو عبور کیا۔
دوسری جانب تائیوان کے صدر کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کی حکومت اپنے عوام کی آزادانہ اور جمہوری طرز زندگی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں فریقوں کے درمیان امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ چین نے تائیوان کے صدر کو امریکی حکام سے ملاقات سے قبل بُرے نتائج سے خبردار کیا تھا۔ چینی حکام نے کہا تھا کہ چین کو کمزور کرنے کیلئے یہ امریکا کی سازش ہے اور چین اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے مضبوط تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔