فلسطینیوں کی تباہی کا ایک اور اسرائیلی منصوبہ سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)فلسطینیوں کی تباہی کا ایک اور اسرائیلی منصوبہ سامنے آگیا ۔اسرائیلی وزیر دفاع نے خان یونس سے زمینی فوج کے انخلا کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان یونس سے فوج کو واپس بلایا جا رہا ہے تاہم غزہ پٹی میں کہیں اور ہماری فوج موجود رہے گی۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خان یونس سے نکل کر ہماری فوج ری گروپ کرنے کے بعد رفح سمیت غزہ میں نئے مشن کی تیاری کرے گی۔صیہونی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خان یونس سے فوج کے انخلا کے باجود غزہ پٹی میں فوجی آپریشن اپنے اختتام سے کافی دور ہے، حماس کی القسام بریگیڈز کے خلاف اپنے مقاصد کے حصول تک لڑائی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو 6 ماہ مکمل ہو چکے ہیں، صیہونی بربریت میں اب تک 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی سے متعلق حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہےمصری سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق مصر اور قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، فریقین کے درمیان بنیادی اور متنازع نکات پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ضرورپڑھیں:موزمبیق :کشتی ڈوبنے سے 90 افراد ہلاک , 25 لاپتا
عرب میڈیا کے مطابق مذاکرات میں معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق کے بعد قطر اور حماس کے وفود واپس روانہ ہو گئے ہیں جبکہ امریکا اور اسرائیل کے وفود کچھ گھنٹوں بعد روانہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ بندی سے متعلق معاہدے کیلئے فریقین کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے اور دو روز بعد مذاکرات کا دوسرا دور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ حماس سمیت مذاکرات میں شامل فریقین کی جانب سے مصری ٹی وی کی مذاکرات میں پیشرفت سے متعلق خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی بمباری سے اب تک 34 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی بچے،بوڑھے اور جوان لقمہ اجل بن چکے ہیں،ہزاروں اپاہج تو لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں ۔