(24 نیوز)تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے کہا ہے کہ چودھری پرویزالٰہی آج بھی خلوص دل سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،حیران ہوں 25 سالہ دودھ پیتا بچہ موسی الٰہی 78 سالہ چودھری پرویزالٰہی کا مقابلہ کررہا ہے،چودھری پرویزالٰہی کے مقابلے میں دس موسیٰ بھی ہوں تو ہمیں کوئی پرواہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق گجرات میں چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصرہ الٰہی نے کہا کہ شجاعت حسین کے بیٹے اپنے آپ کو چودھری ظہورالٰہی شہید کا وارث کہتے ہیں، ان کی سیاست تو کبھی بھی ایسی نہیں رہی،میں پوچھتی ہوں کیا چودھری ظہورالٰہی شہید کی سیاست یہ تھی کہ لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارو اور ان کو اٹھا لو؟،ضمنی الیکشن میں چودھری پرویزالٰہی کے پولنگ ایجنٹوں اور ساتھیوں کو مدمقابل امیدوار پولیس کے ذریعے اٹھا رہے ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ کا کہناتھا کہ سالک، شافع حسین نے جس طرح جنرل الیکشن چوری کیا اب ضمنی میں ایسا نہیں ہونے دیں گے،ان کا کہناتھا کہ میرا خیال تھا کہ سالک اور شافع بڑے عہدوں پر بیٹھ کر احساس کمتری سے باہر نکل آئیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، ان دونوں بھائیوں کی پتہ نہیں کیا سوچ ہے یہ آج تک اپنے آپ کو اوپر نہیں لے جا سکے۔
قیصرہ الٰہی کا مزید کہناتھا کہ شجاعت کے بیٹوں نے اقتدار کیلئے خاندان کو دو حصوں میں تقسیم کیا،وفاقی صوبائی وزیر بننے والے دونوں بیٹوں نے باپ کو ٹشو کی طرح استعمال کیا،ان کا کہنا تھا کہ سالک حسین نے اڈیالہ اور پمز میں چودھری پرویزالٰہی کو مسلسل ملنے کی کوشش کی،پرویزالٰہی نے سالک حسین سے ملنے سے انکار بھی کیا اور پھول بھی واپس بھجوا دیئے،چودھری پرویزالٰہی کے الیکشن کی کوریج کرنیوالے صحافیوں کو اٹھایا جانا افسوس کا مقام ہے۔
چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الٰہی کاکہناتھا کہ ان دونوں بھائیوں نے گجرات میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر دیا ہے،چودھری پرویزالٰہی 78 سال کی عمر میں آج بھی باہمت ہیں جو سختیاں برداشت کر رہے ہیں،ان کاکہناتھا کہ پاکستان میں ملاوٹ کا زمانہ ہے مگر تھوڑا سچ بھی بول لینا چاہئے،الیکشن چوری کر کے وفاقی، صوبائی وزیر بننے والے بھائی گجرات سے صرف نفرت سمیٹ رہے ہیں،شجاعت کے بیٹے اقتدار اور ہم حق سچ کیلئے لڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی ماہر فلکیات کا شوال کے چاند سے متعلق اہم بیان