(24 نیوز) بھارت میں سفاک باپ نے کالی رنگت ہونے کی وجہ سے اپنی 18 ماہ کی بیٹی کو زہر دیکر مار دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے پیٹسانے گنڈلا گاؤں سے تعلق رکھنے والے مہیش نامی شخص نے 18ماہ کی بیٹی اکشیا کو پرساد میں زہر ملاکر کھلادیا، بھارتی پولیس کے مطابق شراوانی نامی خاتون نے کالی رنگت والی بیٹی کو جنم دینے پر شوہر اور سسرال والوں کی طرف سے تشدد اور بیٹی کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کروایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عید سے قبل عوام کو زور دار جھٹکا، بجلی مزید مہنگی، فی یونٹ کتنا اضافہ ہوا؟
ایف آئی آر میں شراوانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے سسرالی اسے بچی کے پاس نہیں جانے دیتے تھے، 31مارچ کو خاتون نے اپنی بچی کو بے ہوش پایا جس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا جس کے بعد ہسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے بچی کو مردہ قرار دے دیا، مہیش اس سے قبل بھی اکشیا کو دیوار پر پھینک کر ، کمرے میں بند رکھ کر اور پانی کے ٹب میں ڈبو کر قتل کرنے کی کوشش کرچکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مہیش نے شراوانی کو مجبور کیا کہ وہ اکشیا کی موت کی وجہ سے متعلق رشتہ داروں سے کہے کہ بچی کی موت دورہ پڑنے سے ہوئی جس کے بعد بچی کی لاش کو جلد ازجلد دفن کر دیا گیا تاہم شراوانی کی ماں نے مقامی پولیس میں شکایت درج کرادی۔
پولیس نے بیٹی کے قاتل باپ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کےلئے ہسپتال منتقل کردیا۔