(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول اور شاہ رخ خان کے درمیان 1993 کی فلم "ڈر" کے بعد تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی، تاہم 30 سال بعد سنی دیول نے صلح کا عندیہ دیتے ہوئے شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ایک انٹرویو میں سنی دیول سے پوچھا گیا کہ وہ کس اداکار کے ساتھ دو ہیرو پر مبنی فلم کرنا چاہیں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنا پسند کریں گے۔
سنی دیول نے مزید کہاکہ میں نے شاہ رخ کے ساتھ صرف ایک فلم کی ہے، تو ایک اور کی جا سکتی ہے۔ وہ ایک الگ دور تھا اور اب وقت بدل چکا ہے، اس لیے ضرور ممکن ہے۔
انہوں نے فلم انڈسٹری میں آنے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پہلے ہدایتکاروں کو مکمل تخلیقی کنٹرول حاصل ہوتا تھا، مگر اب ایسا نہیں ہے، اور فلمیں ایسی نہیں بن رہیں جو اداکاروں کی شخصیت کو صحیح معنوں میں پیش کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمراں لنگیاں پباں بھار:اسد امانت علی خاں کو بچھڑے 18 برس بیت گئے
واضح رہے کہ فلم "ڈر" میں شاہ رخ خان کے منفی کردار کو سنی دیول کے مرکزی کردار سے زیادہ نمایاں کیا گیا تھا اور شائقین کی جانب سے بھی شاہ رُخ خان کو زیادہ پذیرائی ملی تھی جس پر سنی دیول ناخوش تھے اوراس فلم کے بعد دونوں اداکاروں کے درمیان کئی سالوں تک کوئی رابطہ نہیں رہاتھا۔