آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کی روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف ایف آئی آر  کی مذمت

Apr 08, 2025 | 20:17:PM

اسلام آباد (24 نیوز) آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی  نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تین دن کے اندر مقدمہ واپس لے بصورت دیگر اے کے این ایس اپنے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

یہ فیصلہ گزشتہ روز  آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا اجلاس کی صدارت صدر اے کے این ایس چوہدری امجد نے کی جبکہ  سابق صدرآل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی زاہد تبسم ،سردارحمید ، اعجاز خان ، نثار کیانی ،دلاور بخاری ،ہارون الرشید ،سردار جاوید اقبال،جاوید چوہدری ،سجاد شاہ ،نثار صائم بھی اس موقع پر موجودتھے ۔ راولاکوٹ سے شفقت ضیا، مسعود حنیف ، زاہد بشیر  جبکہ میرپور سے شیر باز منیر چوہدری ، خالد چوہدری ، رمضان چغتائی ،ممتاز خاکسار ،مظفرآباد سے جنرل سیکرٹری راجہ امجد ،سابق جنرل سیکرٹری ظہیر جگوال نے ٹیلی فون پر اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ اجلاس میںروزنامہ جموں و کشمیرکے خلاف ایف آئی آر کے اندارج کو آزادی صحافت کے بنیادی اصولوں سے متصادم اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی اپنے اس رکن ادارے کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے  اعلان کرتی ہے کہ ہم ہر سطح پر اس ادارے کو قانونی و تنظیمی معاونت فراہم کریں گے۔ یہ فیصلہ آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر امجد چوہدری کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی  نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کا مقصد عوام کو باخبر رکھنا اور سچ کو سامنے لانا ہے۔ اگر کسی صحافتی ادارے یا صحافی کے خلاف کوئی شکایت ہو تو اسے آئینی و قانونی فورمز پر زیرِ بحث لایا جائے، نہ کہ فوجداری دفعات کے تحت کارروائیاں کر کے آزادی اظہار کو دبایا جائے۔ اے کے این ایس حکومت کے ساتھ مختلف ایشوز پر مشاورت میں شامل رہی ہے لیکن یہ  امر افسوس ناک ہے کہ حکومت نے اے کے این ایس کو اعتماد میں لئے بغیر انتہائی اقدام اٹھایا ۔آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت آزادکشمیر اس غیرجمہوری اقدام کا فوری نوٹس لے اور متعلقہ ایف آئی آر واپس لے۔ صحافتی اداروں اور تنظیموں سے مشاورت کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دے۔آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی اپنے رکن ادارے روزنامہ جموں کشمیر  کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور اس بات کا اعلان کرتی ہے کہ ہم ہر سطح پر اس ادارے کو قانونی و تنظیمی معاونت فراہم کریں گے۔ اس موقع پر حکومت کے ساتھ مذاکرات  کے لئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں صدر و جنرل سیکرٹری بلحاظ عہدہ جبکہ دیگر ممبران میں سردار زاہد تبسم ،سید آفاق شاہ ،سردار ذوالفقار ، جاوید چوہدری ، شیرباز منیر ، خالد چوہدری ، نثار کیانی شامل ہیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اے کے این ایس اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کر ے گی، اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن آئینی و قانونی راستہ اپنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:انسٹاگرام کا استعمال: کم عمر صارفین کیلئے نئی شرط عائد

مزیدخبریں