وزیر داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ کا تاج حیدر کی وفات پر اظہار افسوس

Apr 08, 2025 | 22:49:PM
وزیر داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ کا تاج حیدر کی وفات پر اظہار افسوس
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی شخصیات کی جانب سے پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہائیوں پر محیط سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی، سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا، تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، وہ ایک تخلیقی ذہن کے مالک تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاج حیدر کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے ایک مشعل راہ ہیں، تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مرحوم تاج حیدر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، اور دعا کی کہ اللہ تعالٰی مرحوم تاج حیدر کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، اور کہا کہ مرحوم کی وفات سے مجھ سمیت تمام کارکنان کو دلی صدمہ پہنچا۔

انھوں نے کہا کہ مرحوم کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا، تاج حیدر زیرک، مدبر اور سلجھے ہوئے سیاسی رہنما تھے، تاج حیدر نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے جدوجہد کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ تاج حیدر کی وفات پر ان کی اولاد اور لواحقین و ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ و پسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔