ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت سانتو ڈومنگو میں نائٹ کلب کی چھت گرنے سے 27 افراد ہلاک اور 134 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ منگل کی علی الصبح ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت سانتو ڈومنگو میں ایک نائٹ کلب کی چھت گرنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک صوبائی گورنر بھی شامل ہیں، اور 134 سے زائد زخمی ہوئے۔
ڈومینیکن ریپبلک کے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے سربراہ جوآن مینوئل مینڈیز نے بتایا کہ ریسکیو عملہ ان لوگوں کو نکالنے کے لیے کام کر رہا ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
جوآن مینوئل مینڈیز نے اس بارے میں کوئی اعدادوشمار نہیں دیے کہ ساحل کے قریب واقع جیٹ سیٹ نائٹ کلب کے اندر کتنے افراد اب بھی ممکنہ طور پر ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔
صدر لوئس ابینادر نے کہا ہے کہ اس حادثے کے ہلاک شدگان میں شمالی صوبہ مونٹے کرسٹی کی گورنر نیلسی کروز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے ایکس پر لکھا، ’ ہم اس المناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکام متاثرین کو نکالنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
حکومت کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ تقریباً 138 افراد کو مختلف سرکاری اور نجی مراکز صحت میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں خصوصی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔