(24 نیوز)کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں عالمی فاسٹ فوڈ چین میں توڑ پھوڑ کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ شام 6 بج کر 15 منٹ پر تقریباً لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس 40 افراد نے کورنگی روڈ پر واقع کینٹکی فرائیڈ چکن (کے ایف سی) کے آؤٹ لیٹ پر توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی۔
ڈی آئی جی جنوبی کا کہنا تھا کہ پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور ہجوم کو منتشر کر دیا، جبکہ 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ریسٹورینٹ پر حملے کے ممکنہ محرکات پر بات کرتے ہوئے سید اسد رضا نے کہا کہ ان کا مقصد غزہ میں امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال اب قابو میں ہے، دیگر مظاہرین اور ان کے منتظمین کا پولیس تعاقب کر رہی ہے اور سب کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی جنوبی کا کہنا تھا کہ کے ایف سی کی دیگر برانچز کی سیکیورٹی کو بڑھایا جا رہا ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ پوری مسلم دنیا بالخصوص بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں بھی اسی طرح کی صورتحال دیکھی گئی، انہیں زیادہ تر سوشل میڈیا کے ذریعے اکسایا جاتا ہے، جہاں ہجوم اس طرح کے تشدد کا سہارا لیتے ہیں۔ایک اور واقعے میں فوڈ چین آؤٹ لیٹ کی ایک دوسری برانچ بہادر آباد کو گزشتہ روز نشانہ بنایا اور پتھراؤ کیا گیا۔
بہادر آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر نوید سومرو نے ڈان کو بتایا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، وہاں سے ایک ریلی گزر رہی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ سعد گل نے بتایا کہ وہ برانچ منیجر ہے اور اس وقت وہاں موجود تھا، جب ایک سیکیورٹی گارڈ نے اطلاع دی کہ کچھ لوگ رات 11 بج کر 35 منٹ پر ریسٹورنٹ بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
برانچ منیجر کا کہنا تھا کہ انہوں نے لائٹس بند کر دیں، تاہم تقریباً 15 افراد نے ریسٹورنٹ پر دھاوا بول دیا اور کرسیوں، لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کیا اور مین گیٹ کے شیشے کو نقصان پہنچایا۔
شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ وہ اور دیگر عملہ پچھلے دروازے کی طرف بھاگے اور خود کو بچا لیا، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 146، 147، 148، 427 اور 504 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں نسل کشی کی مذمت کے لیے دی گئی عالمی ہڑتال کی کال پر تاجروں نے کراچی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی تھی۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 50 ہزار 695 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔