(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نام نہاد ”دراندازی“ کے گمراہ کن جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز رہے۔بھارتی غیرذمہ دارانہ رویے کے نتائج خطے کے امن وسلامتی کے لیے اچھے نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کی قیاس آرائی لغو اور سراسر بے بنیاد ہے اور یہ سراسر جھوٹ ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول سے دہشت گرد مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنا چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی اہلکار وہاں موجود ہیں اور پھر یہ کیسے ممکن ہے ؟ مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوج کی موجودگی رکھنے والا خطہ ہے۔دنیا جانتی ہے بھارت پاکستان کے خلاف کینہ و بغض پر مبنی کردار کشی کی مہم چلاتا رہتا ہے جبکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے تہہ در تہہ خاردار باڑ اور الیکڑانک نگرانی کے آلات نصب کر رکھے ہیں اور بھارت کچھ وقت کے بعد ہمیشہ ایسے الزامات دہراتا رہتا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے اور فالس فلیگ آپریشن کی نیت سے بھارت خود ساختہ جھوٹ گھڑنے اور حیلے بہانے تراشنے سے باز رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ اور جون 2021 میں لاہور میں دہشت گرد دھماکے میں بھارت کا ہاتھ تھا۔ بھارت نام نہاد ”دراندازی“ کے گمراہ کن جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز آئے۔
یہ بھی پڑھیں:این سی او سی کے500 دن مکمل،دستاویزی فلم جاری