بابر اعظم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں تجربات کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مایوس

Aug 08, 2021 | 15:37:PM

(ما نیٹر نگ ڈیسک)بابر اعظم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں تجربات کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مایوس ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق  میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں اچھی کرکٹ سے ہم اپنے اعتماد میں اضافہ کرنا چاہتے تھے ۔ یہ پلان بھی تھا کہ مختلف کمبی نیشن آزماتے ہوئے ورلڈکپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے۔ہماری سوچ تھی کہ یہاں کیے جانے والے تجربات سے آئندہ کے پلان بنانے میں مدد ملے گی۔ بیٹنگ آرڈر میں بھی کھلاڑیوں کو آزمائیں گے مگر بدقسمتی سے اتنا موقع ہی نہیں مل سکا۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ ٹور میں پاکستان نے کیریبیئنز کو شکست دی تھی،اس بار بھی سیریز کی جیت خوش آئند ہے۔ ہم اپنی کارکردگی کی بل بوتے پر اس سے بہتر نتائج کے خواہاں تھے،موسم کی مداخلت نہ ہوتی تو مضبوط میزبان ٹیم کیخلاف زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا لیکن بارش اور اس جیسے دیگر عوامل کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔

کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی فارم اور فٹنس پر کام کیا ہے۔ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات میں طویل عرصے تک فیملیز سے دور رہتے ہوئے بائیوببل کی سختیاں جھیلنا کسی کیلیے بھی آسان نہیں ہوت۔ اس کے باوجود کھلاڑیوں کا ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد رہنا خوش آئند ہے، اس کا کریڈٹ خود پلیئرز اور مینجمنٹ سب کو جاتا ہے۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد اب نگاہیں ٹیسٹ میچز پر مرکوز ہوں گی، جس جوش اور جذبہ کے ساتھ ہم وائٹ بال کرکٹ کیلیے میدان میں اترے وہی طویل فارمیٹ کے مقابلوں میں برقرار رکھیں گے، سخت جان کیریبیئنز کو زیر کرنے کیلیے بہت محنت کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹو کیو اولمپکس میں ترک والی بال کھلاڑی زہرہ گونیش کی خو بصو رتی کے چر چے

مزیدخبریں