نئے ایرانی صدر سے حماس کے سربراہ کی ملاقات۔فلسطین کی صورتحال سے آگاہ کیا

Aug 08, 2021 | 21:56:PM
 نئے ایرانی صدر سے حماس کے سربراہ کی ملاقات۔فلسطین کی صورتحال سے آگاہ کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز )اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جمعہ کے روز ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران تحریک کی اعلیٰ قیادت پر مشتمل وفد نے ایرانی صدر کو ان کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جاری بیان کے مطابق تحریک کی قیادت کے وفد نے فلسطینی عوام کی صورتحال اور تازہ ترین پیشرفتوں کے بارے میں ایرانی صدر کو بریفنگ دی۔ خاص طور پر سیف القدس معرکے کے نتائج اور فلسطینی کاز اور اس کے مستقبل پر اس کے مثبت اثرات کے بارے میں بتایا۔
حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے وفد نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات میں انہیں فلسطین میں اسرائیل کی یہودی بستیوں کی تعمیر، فلسطینی عوام کو خاص طور پر مقبوضہ بیت المقدس اور شیخ جراح میں فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کوششوں اور غزہ پر ناجائز محاصرے کے بارے میں بتایا۔اجلاس کے دوران حماس رہ نماوں نے کہا کہ فلسطینی عوام قابض دشمن کے خلاف کے خلاف مسلح جدو جہد جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر ایرانی صدر نے فلسطینی قوم کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا ان کی حمایت فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے ہرسطح پر کوششیں جاری رکھے گی۔ابراہیم رئیسی نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کی شدی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ قابض اسرائیلی ریاست کے جرائم کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔