(24نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کے تین سالوں میں مہنگائی و بے روزگار ی میں اضافہ اور مافیاز کی گرفت مزید مضبوط ہوئی ۔ ادویات کی قیمتوں میں بارہویں دفعہ اضافہ مافیاز کو ہی نوازنے کا تسلسل ہے ۔آٹا ، چینی ، پٹرول ، ڈرگ و لینڈ مافیاز نے باری باری ملک کو نچوڑا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے تین روزہ دورہ راولپنڈی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم،عارف شیرازی،شمس الرحمن سواتی و دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔سراج الحق نے تین روز کے دوران راولپنڈی کے وکلائ،تاجروں،نوجوانوں ،مقامی رہنماو¿ں،خواتین کے وفود،سکولوں اور شادی ہالوں کی ایسوسی ایشنز،عام شہریوں کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں عوام مہنگائی کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے ۔ اب تک صرف ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 300 گنا سے زائد اضافہ کیا جاچکاہے ۔ ملک میں عملی طور پر مافیاز کی حکومت ہے۔ آٹا ،چینی، پٹرول ،ڈرگ ، لینڈ مافیاز باری باری اربوں روپے عوام کی جیبوں سے نکلوا چکے ہیں۔ راولپنڈی کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے۔کراچی سے چترال تک تمام شہروں کے لوگ پریشان ہیں مگر پاکستان میں سب سے زیادہ راولپنڈی کے لوگ پریشان ہیں۔تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری سے تنگ آ کر ڈگریاں جلا رہے ہیں اور خود کو بوجھ تصور کررہے ہیں۔ راولپنڈی میں ہر قسم کا مافیا ہے منشیات کے بڑے بڑے اڈے ہیں اور منشیات فروشی کا نیٹ ورک راولپنڈی میں گلی ،کوچوں،محلوں تک پھیل گیا ہے سکولوںکی بچیاں تک منشیات سے محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاعوام کرب میں مبتلا ہیں جبکہ کورونا اقتصادی پیکیج بڑے بڑے سرمایہ داروں کے کارخانوں کو دے دیا گیایا پھرانتظامی اخراجات پر اڑا دیئے گئے۔ ملک میں احتساب نہیں ہے بلکہ نیب خود قابل احتساب ہے۔آف شور کمپنیوں کے 434 مجرمان میں سے ایک مجرم کو بھی نہیں بلوایا گیا۔ میں اوروزیراعظم ان مجرموں کے خلاف سپریم کورٹ گئے مگر اب وزیراعظم کی حکومت انہی مجرموں کے ساتھ دوستانہ کھیل میں مصروف ہے ۔مجرموں کی قومی دولت کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ہر دور میں مافیاز کی حکومت رہی عام آدمی کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے ۔تبدیلی صرف افسروں کے تبادلوں میں نظر آئی۔جو کہتا تھا کہ خود کشی کر لوںگا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاو¿ں گا سب سے تیز دوڑ کر آئی ایم ایف کے پاس گیا۔تیس ہزار ارب روپے کے قرضے،پینتالیس ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے حکومت کی طرف سے سودی نظام کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔ پہلی حکومتوں کی طر ح آج بھی اشرافیہ کی چاندی اور غریب دو وقت کی روٹی سے محروم ہے۔عام آدمی کی کہیں کوئی شنوائی نہیں ہے۔نظریہ ،جغرافیہ کچھ محفوظ نہیں۔سرینگر فتح نہ کر سکے۔دولت اور حکومت کے بل بوتے پر مظفر آباد فتح کر لیا۔
انہوں نے کہاگھریلو تشدد کا بل اسلام کے منافی ہے پارلیمنٹ میں گالی گلوچ کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔عوام جماعت اسلامی کو موقع دے حقیقی تبدیلی آئے گی ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں عوامی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اس کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی ہر حلقے میں امید وار کھڑا کرے گی، بلدیاتی اورکنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انتخابات کی جماعت اسلامی نے تیاری شروع کردی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سخت خانہ جنگی کا خطرہ ہے طالبان سے اپیل کرتا ہوں کہ بندوق کے زور پر شہروں کو فتح کرنے کی بجائے پرامن طور پر ان علاقوں میں داخل ہوں۔تمام شراکت داروں سے مذاکرات کریں۔جماعت اسلامی نے افغانستان میں امن کے لیے طویل کردار ادا کیا ہے، اب بھی اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے ۔
یہ بھی پڑھیں۔
حکومت کے 3سال۔ مہنگائی بیرروزگار ی بڑھی۔ مافیا مضبوط ہوئے۔سراج الحق
Aug 08, 2021 | 23:03:PM