(24 نیوز) قومی لائحہ عمل کے تحت سیلاب زدگان کی مدد کے لئے صوبائی وزرائے اعلی کو خط لکھ دئیے گئے۔ وزیراعظم کی ہدایت پہ ریلیف کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطوط لکھے ہیں۔
احسن اقبال کے دستخطوں سے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلی کو خطوط بھجوا دئیے گئے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس اور وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کو بھی خطوط ارسال کر دئیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:مائنس پلس کا فیصلہ کون کرے گا ؟ شیخ رشید نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا
احسن اقبال نے ریلیف کمیٹی کے ہمراہ وزرائے اعلی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلی گلگت بلتستان سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔ خط میں کہا گیا کہ جلد ملاقات کا وقت دیا جائے تاکہ سیلاب زدگان کی تیزی سے مدد کے اقدامات پر اشتراک عمل وضع ہوسکے۔
احسن اقبال کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں این ڈی ایم اے نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ دیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی مدد کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں ہر صوبہ ایک فوکل پرسن مقرر کرے تاکہ سیلاب زدگان کی امدادی عمل کو تیز کیا جاسکے، وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے میری سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔
وفاقی وزیر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ وفاق اور صوبوں اور خصوصی خطوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی قومی مقصد ہے جس کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہے، اشتراک عمل سے سیلاب زدگان کی مدد کا عمل تیز ہونے کے علاوہ وسائل اور کوششوں کو مربوط بنانا ممکن ہوگا۔