موسیٰ خیل، اشتہاری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 لیویز اہلکار جاں بحق

Aug 08, 2023 | 00:25:AM

(محمد عیسیٰ) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں اشتہاری مجرموں کیخلاف آپریشن کے دوران دو لیویز اہلکار شہید اور رسالدار سمیت 3 زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق ضلع موسیٰ خیل سے 85 کلومیٹر دور راڑہ شم کے علاقے میں اشتہاری مجرموں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر میں چھاپہ مارا گیا، اس دوران لیویز فورس اور اشتہاری مجرمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکار شہید اور رسالدار توقیر شاہ سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

لیویز کے مطابق شہید اہلکاروں کی شناخت خانان اور اسحاق شاہ کے نام سے ہوئی ہے، کارورائی کے دوران ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: کیچ میں بم دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اہلکاروں کے شہادت اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیویز فورس صوبے میں امن کے قیام کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اور فورس کے اہلکار عوام کے جان مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جس پر صوبے کے عوام کو فخر ہے۔

مزیدخبریں