(ویب ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے سٹائلش بلے باز فواد عالم نے پاکستان کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فواد عالم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپنی راہیں جدا کرلیں، قومی کرکٹر اب امریکی لیگ کے ساتھ اپنے کیریئر کو آگے بڑھائیں گے،کرکٹ سے متعلق خبریں شائع کرنے والے ویب سائٹ ‘کرک بز’ کے مطابق فواد عالم نے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، وہ اب ’’شکاگو کنگز مین‘‘ نامی امریکی لیگ میں ایک مقامی کرکٹر کی حیثیت سے کھیلیں گے۔
ایک صحافی کی جانب سے اس سے متعلق ٹویٹ بھی کیا گیا ہے ، جس میں ان کا کہنا ہے کہ فواد عالم امریکا میں پہلے سے مقیم سابق پاکستانی کھلاڑی سمی اسلم، حماد اعظم، سیف بدر، احسان عادل، سعد علی، مختار احمد اور نعمان انور کے ہمراہ امریکی کرکٹ لیگز میں پر فارمز کریں گے
یہ بھی پڑھیں:سولر بجلی کی پیداوار میں اضافہ ، شہریوں کی جانب سے لیسکو کو ریکارڈ بجلی فروخت
خیال رہے کہ فواد عالم نے 2007 میں پاکستان کرکٹ کیلئے وائٹ بال ڈیبیو کیا تھا ، جس میں انہوں نے سنچری سکور کی جس کے صرف 2 میچز بعد ہی انہیں 2009 میں ہی ڈراپ کر دیا گیا،ڈومیسٹک کرکٹ میں 55 کی اوسط سے رنز بنانے کے باوجود انہوں نے 11 سال کے وقفے کے بعد اپنا اگلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ فواد عالم 2020 میں اپنے کیریئر کو نئی زندگی ملنے کے بعد مختصر مدت کیلئے قومی ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے واپسی کے بعد اپنے تیسرے ہی میچ میں نیوزی لینڈ میں سنچری بنا کر اپنے انتخاب کی تصدیق کی۔
فواد عالم نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بعد نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف چار سنچریز بنائیں۔ فواد عالم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 109، نیوزی لینڈ کے خلاف 102، زمبابوے کے خلاف 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،پاکستانی بلے باز فواد عالم نے 2021 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنے کیریئر کی پانچویں سنچری بنا کر کوہلی، ٹنڈولکر اور گواسکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ فواد عالم ایشیا میں سب سے کم اننگز میں 5 سنچریز بنانے والے بلے باز بنے تھے، انہوں نے یہ اعزاز 22 اننگز میں حاصل کیا تھا۔