راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف مقامات پر بارش، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

Aug 08, 2024 | 09:39:AM

(ارشاد قریش، آئمہ خان، مائدہ وحید)ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے،شمس آباد،اعوان کالونی،ڈھوک کالا خان اور بوہڑ بازار سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 7فٹ اور گوالمنڈی میں 5 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ  اسلام آباد کے سیکٹر ایچ تیرہ میں بچہ پانی میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے جس کے پیش نظر نالہ لئی کی قریبی آبادی کو خالی کروایا جائے۔

بلوچستان کے قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی رہی اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 2 بچیاں جان بحق ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

محکمہ موسمیات کے  مطابق  شہر لاہور میں سرمئی بادلوں کا راج ،گرمی کی شدت میں کمی،موجودہ درجہ حرارت 28 فیصد ریکارڈ  جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 84فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ  شہر لاہور میں بارش کا 40 فیصد مکان ہے، ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 99ریکارڈ کی گئی جس کے بعدلاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد  میں آج بھی  بادل برسیں گے، کراچی میں بادلوں کے ڈیرے سے  موسم خوشگوار ہوگیا، موجودہ درجہ حرارت 30، زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،مغربی سمت سے 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ  ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔

مزیدخبریں