(24 نیوز)سندھی بریانی سندھ کی ایک مقبول ڈش ہے جو اپنے منفرد ذائقے کی وجہ سے ملک بھر میں نہایت شوق سے کھائی جاتی ہے، اسے بنانے کی ترکیب جانیں۔
اجزاء :
مٹن : 3 پاؤنڈ (ران کا گوشت)،باسمتی چاول- 3 مگ،آلو- درمیانے، 5 عدد،تیل- 8 سے 12 اونس،پیاز- 2 عدد، بڑی کٹی ہوئی،ادرک اور لہسن- 4 چاۓ کا چمچ، پسے ہوۓ،ٹماٹر- 5 سے 6، درمیانے،آلو بخارے- 12 سے 14 عدد،نمک- حسب ذائقہ،لال مرچ پاؤڈر- تین سے چار چاۓ کے چمچ،لونگ- 12 سے 14 عدد،چھوٹی الائچی- 10 عدد،کالی مرچ- 12 سے 141 عدد،زیرہ - 2 چاۓ کے چمچ،دارچینی- 2 ٹکڑے،بڑی الائچی- 5 عدد،تیز پات- 5 سے 6 عدد،کھٹا دہی- 6 سے 8 اونس،ہری مرچ- 6 سے 8 عدد،ہرا دھنیہ- آدھی گڈی،پودینہ- 10 سے 12 پتے،کھانے کا رنگ- زعفرانی، ایک چٹکی،پانی - 8 سے 16 اونس
چاول ابالنے کے لئے:
نمک- حسب ذائقہ،تیز پات- 4 عدد،دار چینی- 4 ٹکڑے،بڑی الائچی- 3 عدد،کالی مرچ- ایک چوتھائی چمچ،لونگ- ایک چوتھائی چمچ
ترکیب:
تیل گرم کرکے کٹی ہوئی پیاز سنہرا ہونے تک تل لیں، اس میں سے تین یا چار کھانے کا چمچ علیحدہ کرلیں گارنش کے لئے- پیاز میں ادرک لہسن، ٹماٹر، آلو بخارے، نمک، لال مرچ، تیز پات، زیرہ اور ثابت گرم مصالحہ شامل کرلیں- پانچ سے دس منٹ فرائی کریں، مسلسل چمچ چلاتے رہیں ساتھ ہی دہی، گوشت اور پانی بھی شامل کردیں۔
جب گوشت تین چوتھائی گل جاۓ تو اس میں چھلے ہوۓ آلو بھی ڈال دیں، پندرہ سے بیس منٹ مزید پکائیں یا جب تک گوشت اور آلو گل نہ جائیں- ہرے مصالحے شامل کریں اور تیز آنچ پر بھونیں، بریانی کا قورمہ تیار ہے ایک طرف رکھ دیں۔
ایک الگ پتیلی میں پانی ابالیں اور اس میں ثابت گرم مصالحہ اور تیز پات ڈال دیں- پانی ابل جانے پر اس میں پہلے سے بھگوئے ہوۓ چاول ڈال دیں اور ایک کنی رہ جانے تک ابالیں، چاول پوری طرح دم کے دوران تیار ہوگا۔
چاولوں سے پانی چھان لیں، دیگچی میں چاولوں کی پہلی تہہ بچھائیں اس پر بریانی کے قورمہ کی تہہ بچھائیں اوپر سے چاولوں کی ایک اور تہہ لگا دیں۔
اوپر سے تلی ہوئی پیاز، کھانے کا رنگ، پودینہ، دھنیہ اور ہری مرچ ڈال کر المونیم فوائل اور ڈھکن سے بند کردیں۔
پانچ منٹ تک تیز آنچ پر پھر پندرہ منٹ دھیمی آنچ پر دم پر رکھیں پھر دس منٹ انتظار کریں اور مکس کر کے کھانے کے لئے پیش کریں-