گرل فرینڈ کو آئی فون تحفہ میں دینے کیلئے 9 ویں کلاس کے طالبعلم نے انتہائی قدم اٹھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کیا اس کو دوستی کہتے ہیں؟نویں کلاس کے طلبہ نے اپنی گرل فرینڈ کو آئی فون دلانے کیلئے تمام حدیں پار کرتے ہوئے اپنی ماں کا زیور ہی چرا لیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی دہلی کے نجف گڑھ علاقے میں نویں کلاس کے ایک طالب علم کو اپنی دوست کو آئی فون دلانے کیلئے ماں کے زیورات چرائے جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکے نے اپنی گرل فرینڈ کی سالگرہ کے موقع پر اسے تحفہ دینے کیلئے یہ قدم اٹھایا،پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کا اس وقت پتہ چلا جب لڑکے کی والدہ نے گھر میں زیروات چوری کی ایف آئی آر درج کرائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 3 اگست کو خاتون کی جانب سے گھر میں چوری کی شکایت درج کروائی گئی جس میں انہوں نے بتایا کہ 2 اگست کو صبح 8 سے دوپہر 3 بجے کے درمیان نامعلوم شخص گھر سے سونے کی دو چین، بالیاں اور انگوٹھی چوری کرکے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق چور کی شناخت کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد لی گئی لیکن فوٹیج میں شکایت کنندہ کے گھر کے قریب کوئی مشتبہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی،اس کے بعد تفتیشی ٹیم نے خاتون کے لڑکے کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا شروع کیں تو انہیں پتہ چلا کہ ان کا بیٹا غائب ہے جس کے بعد اس کے سکول کے دوستوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔
پولیس کو لڑکے کے دوستوں نے بتایا اس کی کلاس میں پڑھنے والی ایک لڑکی کے ساتھ گہری دوستی ہے جو ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ٹیم کو معلوم ہوا کہ خاتون نے بیٹے نے50 ہزار روپے کا نیا آئی فون خریدا ہے، ٹیم نے دھرم پورہ، ککرولا اور نجف گڑھ میں کئی جگہوں پر تلاشی لی لیکن ہر بار وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوا،منگل کے روز اطلاع ملی کہ لڑکا شام 6 بجے کے قریب اپنے گھر آئے گا، جس کے بعد گھر کے قریب اسے پکڑنے کا جال بچھایا گیا۔
بعد ازاں جب لڑکا اپنے گھر پہنچا تو پولیس نے اسے گرفتار کرلیا جس کے پاس سے آئی فون برآمد ہوا۔
پولیس نے مزیز بتایا کہ کم عمر نوجوان کلاس 9 کا طالب علم ہے اور نجف گڑھ کے ایک پرائیویٹ سکول میں پڑھتا ہے، اس کے والد کی بیماری کی وجہ سے موت ہو گئی تھی اور اسے پڑھائی میں کوئی دلچسپی نہیں تھی، طالب علم نے اپنی گرل فرینڈ کو اس کی سالگرہ پر تحقہ دینے کیلئے اپنی والدہ سے پیسے مانگے تھے لیکن انہوں نے پیسے دینے سے انکار کر دیا تھا، انکار پر ناراض ہو کر اس نے پیسے چرانے کا فیصلہ کیا اورموبائل خرید لایا۔