ریشم نے راحت فتح علی خان کی متنازعہ ویڈیو کے باوجود دفاع کرنے کی وجہ بتا دی

راحت کا خاندان بہت اچھا ہے اور وہ بہت زیادہ خیرات کرتے ہیں،راحت نے ایک بار لڑکیوں کی شادی کے اخراجات کے لیے رقم دی

Aug 08, 2024 | 13:44:PM
 ریشم نے راحت فتح علی خان کی متنازعہ ویڈیو کے باوجود دفاع کرنے کی وجہ بتا دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم "سنگم" سے فلم انڈسٹری میں اپنا نام بنانے والی اداکارہ ریشم نے گلوکارراحت فتح علی خان کی متنازعہ ویڈیو کے باوجود ان کادفاع کرنے کی وجہ بتا دی۔

ریشم کا شمار پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کبھی فراموش نہیں کر پائے گی،اداکارہ نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1995 میں فلم" جیوا " سے کیا، اس کے بعد یکے بعد دیگرے متعدد ہٹ فلمیں  دیں جن میں مشہورِزمانہ فلم "سنگم" بھی شامل ہے، اس فلم  پر انہوں نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی حاصل کیاتھا، اس کے علاوہ انہوں نے ٹیلی ویژن پر بھی کام کرکےڈرامہ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی ہے، وہ ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے ساتھیوں کا ساتھ دیتی ہے، ریشم بہت جلد "دی ٹرائل "نامی ایک فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آنے والی ہیں۔

 راحت فتح علی خان پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں اپنی بہترین گلوکاری کے سبب پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے پاکستان کے علاوہ بالی ووڈ کی متعدد فلموں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے،بدقسمتی سے  وہ اس سال  بہت سے تنازعات میں گھرے رہے  ہیں،چندماہ پہلے ان کی ایک ویڈیو  منظرعام پر آئی تھی جس میں انہیں نشے کی حالت میں اپنے ملازم  کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،ویڈیو کی وجہ سے  لوگوں نے انہیں اس  ناروا سلوک پر تنقید کا نشانہ بنایا، دنیا بھر سے ان کے مداحوں نے اس پر رنج اور غصے کا اظہار کیا،تاہم ان کی دوست اداکارہ ریشم نے ان کی حمایت کرتے ہوئے  ان کا دفاع کیا۔

 ریشم نے عنبرین فاطمہ کےساتھ اس حوالے سے بات کی اور بتایا   کہ انہوں نے اس متنازع ویڈیو کے بعد بھی راحت فتح علی خان کا دفاع کیوں کیا؟ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے پاس ایسا کرنے کی تمام وجوہات موجود ہیں،میں راحت  اور ان کے خاندان کو بہت اچھے سے جانتی ہوں ، وہ اور ان کا خاندان بہت اچھا ہے اور وہ بہت زیادہ خیرات کرتے ہیں، اداکارہ نے بتایا کہ کس طرح راحت نے ایک بار کئی لڑکیوں کی شادی کے اخراجات کے لیے رقم دی، اس کے علاوہ انھیں میں نے اکثر غریب اور نادار لوگوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا ہے،  راحت صرف پاکستان میں نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی ایک بڑا نام ہے، جب اتنا بڑا اسٹار معافی مانگ رہا ہے تو لوگوں کو بھی اسے معاف کر دینا چاہیے، لوگوں کو ان کے اچھے کام کو دیکھنا چاہیے اور انھیں سراہنا چاہیے۔ 

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں ایک ویڈیو گردش میں آئی تھی جس میں  راحت فتح علی خان کہتے ہوئے نظر  آئے تھے  کہ میری بوتل کہاں ہے ؟ اس کے بعد انہوں نے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس پر جوتوں اور گھونسوں کی بارش کردی،ویڈیو میں راحت کے علاوہ دیگر ملازمین بھی نظر آ رہے تھے لیکن کوئی بھی ان کو روک نہیں پایا جبکہ دوسری جانب ملازم جان بخشی کی دہائی دیتا رہا، اس ویڈیو کے جواب میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ اس  بوتل میں پیر صاحب کا دم کیا ہوا پانی تھا جومجھے استاد کی طرف سے دیا گیا تھا، یہ استاد شاگرد کا رشتہ ہے جس کی بدولت میں نے ایسا کیا۔