’ لوگوں کی منافقت سے تنگ آگئی ہوں‘اُشنا شاہ نے  ناقدین کوکھری کھری سُنا دیں

اپنی شادی پر لال چولی پہننے اور ڈانس کرنے پر معافی مانگنا میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی

Aug 08, 2024 | 14:05:PM

(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے  بولڈ لباس پر تنقید کرنے والے صارفین کو کھری کھری سُنا دیں۔

 پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ اشناشاہ نے  حال ہی میں اپنے شوہر و گولف کھلاڑی حمزہ امین کے ہمراہ گولف لیگ میں شرکت کی جس کی ویڈیو اداکارہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ سفید رنگ کے بولڈ لباس میں ملبوس  ہیں اور گاڑی سے اُترتے ہوئے سینڈل اُتار کر جوتے پہنتی ہیں۔اُشنا شاہ نے جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو صارفین نے کمنٹ سیکشن میں ان پر   تنقیدشروع کردی۔

اداکارہ نے صارفین کی تنقید کا جواب دینے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پرایک پوسٹ کی جس  میں لکھا  کہ ایک لبرل لڑکی جس کی کینیڈا میں پرورش ہوئی، جو شادی سے پہلے بھی بولڈ لباس پہنتی تھی اور اب اُس کی شادی ایک سفید فام شخص سے ہوگئی ہے جو لبرل خاندان سے ہی تعلق رکھتا ہے، اُسے کوئی پرواہ نہیں کہ اُس کی بیوی کیسا لباس پہنتی ہے لیکن جب پاکستانی اُس کی بیوی کو بولڈ لباس میں دیکھتے ہیں تو اُن کا دماغ خراب ہوجاتا ہے۔

اُشنا شاہ نےاپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ میں نے اپنی شادی پر لال چولی پہننے اور ڈانس کرنے پر معافی مانگی تھی اور مجھے لگتا ہے کہ یہ معافی مانگنا میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔اداکارہ نے کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے وہی لوگ ہیں جو نرگس فخری کے گانوں پر خوشی سے جھوم اُٹھتے ہیں لیکن میری پوسٹ پر تنقید کرنے آجاتے ہیں۔عوام کو ہم اداکاروں سے یہی مسئلہ ہے کہ ہماری پرورش اُن کے جیسے ماحول میں نہیں ہوئی۔

اُشنا شاہ نے پوسٹ میں  غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں لوگوں کی منافقت سے تنگ آگئی ہوں، آپ اپنی ذہنیت کے حساب سے فحش ویڈیوز دیکھیں یا آئٹم نمبرز دیکھیں۔

مزیدخبریں