لاہور چیمبر کا"مزدور خوشحال ،ترقی بے مثال "مہم کا حصہ بننے کااعلان
پنجاب بھر میں مزدوروں کی کم از کم اجرت 37 ہزار کے حکومتی فیصلے پر مکمل عمل کروایا جائے گا،صوبائی وزیر فیصل ایو ب کھوکھر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور چیمبر آف کامرس نے محکمہ لیبرکے ساتھ مل کر"مزدور خوشحال ،ترقی بے مثال "مہم کا حصہ بننے اور محکمہ لیبر کے ساتھ مل کر مزدوروں کی فلاح کےلئے مشترکہ کام کرنے کے عزم کا اظہارکردیا۔
صوبائی وزیر لیبر فیصل ایو ب کھوکھر نے لاہور چیمبر آف کامرس لاہور کا دورہ کیا، سیکرٹری لیبر پنجاب نعیم غوث، ڈی جی لیبر پنجاب کلثوم حیٰ، وائس کمشنر پیسی ڈاکٹر ذوالفقار علی کھرل اورسی ای او ورکرز ویلفیئرفنڈز توقیر الیاس چیمہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیرکے دورہ کے دوران لاہور چیمبر آف کامرس کے 40 ہزار عہدیدران کی آسانی کے لئے پیسی،لیبر اور ورکرز ویلفیئر فنڈ سے افسران کو بطور فوکل پرسن تعینات و کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر کاگفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں مزدوروں کی کم از کم اجرت 37 ہزار روپے کے حکومتی فیصلے پر مکمل عمل کروایا جائے گا، پنجاب حکومت چائلڈ لیبر کی عمر 15 سال سے بڑھا کر 16 سال کررہی ہے اور18 سال سے کم عمر بچوں کو 38 خطرناک انڈسٹریز میں ملازمت پر نہیں رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیرلیبرکامزید کہناتھاکہ پنجاب بھر میں خواتین مزدوروں کے بچوں کے لئے ابتدائی طور پر 500 ڈے کیئر سنٹر ز بنائیں گے اور فیکٹریوں میں مزدوروں کے لئے فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت پہلی مرتبہ ایگریکلچر اور کنسٹرکشن سیکٹرکولیبر قوانین کے تحت لارہی ہے،حکومت پنجاب مزدوروں کی فلاح اور بزنس مالکان کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ فیکٹریوں میں کام کے دوران حادثات سے بچانے کے لئے ورکرز کی سیفٹی کو یقینی بنایا جائے گا،چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کو ہر صورت ختم کیا جائے گا، بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، حکومت پنجاب بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے،پنجاب میں فیکٹریاں چلیں گی تو مزدوروں کا چولہاجلے گا،حکومت پنجاب اور فیکٹری مالکان مزدوروں کے حقوق کے محافظ ہیں۔
صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب نے مزید بتایا کہ ایک سال کے دوران 80 لاکھ سے زائد مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو 20860 ملین کی مفت میڈیکل سہولیات دی گئیں ،39349 ورکرز کو 9051ملین کی ویلفیئر گرانٹ دی گئی، لیبر ڈیپارٹمنٹ کے تحت مزدوروں کے بچوں کے تمام تر تعلیمی اخراجات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مزدوروں اور بزنس کمیونٹی کی فلاح کے لئے کوشاں ہے،صدر لاہور چیمبر آف کامرس کا شف انور او رایگزیکٹو ممبران نے صوبائی وزیر کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔