ہول اِن ون کے ذریعے 2 کروڑ کی گاڑی تو جیت لی لیکن ڈرائیونگ نہیں آتی

Aug 08, 2024 | 22:15:PM

(ویب ڈیسک) غریب گالفر محمد قاسم نے چیف آف نیول سٹاف گالف چیمپئن شپ میں ہول اِن ون کے ذریعے 2 کروڑ کی گاڑی تو جیت لی لیکن ڈرائیونگ نہیں آئی۔

گالفر محمد قاسم عام طور پر کوچنگ اور کیڈی بن کر گزر بسر کرتے رہے ہیں لیکن انہوں نے چیف آف نیول سٹاف گالف چیمپئن شپ میں ہول اِن ون کا کارنامہ انجام دے کر 2 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی تو جیت لی، لیکن ان کو گاڑی چلانا نہیں آتی، وہ ایچ ایف گالف کلب کراچی سے وابستہ پروفیشنل گالفر ہیں۔

انہوں نے ہول اِن ون کا شاندار کارنامہ کراچی گالف کلب کے ریڈ کورس کے ہول نمبر 3 پر انجام دیا، ان کا کہنا ہے کہ 2 کروڑ کی گاڑی تو میں نے جیت لی مگر مسئلہ یہ ہے کہ مجھے گاڑی چلانا نہیں آتی کیونکہ میں تو ساری زندگی موٹر سائیکل ہی استعمال کرتا رہا ہوں، اِتنی قیمتی گاڑی رکھنا میرے بس کی بات نہیں، میں تو اس کے پیٹرول کا خرچہ بھی برداشت نہیں کرسکتا، اس لیے اِسے بیچ کر اپنا معیارِ زندگی بلند کروں گا، اہلِ خانہ کے لیے آسانیاں پیدا کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی کی مانچسٹر یونائیٹڈ کی نئی کٹ زیب تن کیے ہوئے تصاویر وائرل

واضح رہے کہ ’ہول ان ون‘ میں کسی بھی گالفر کیلئے ایک ہی شاٹ میں گیند کو ہول میں پہنچانا بے حد مشکل ہوتا ہے، کسی بھی ٹورنامنٹ کو جیتنا بہت اچھا سہی مگر اِس سے زیادہ اہم ہے ہول اِن ون کرنا، گالف میں غیر معمولی مہارت رکھنے والے کھلاڑی بھی یہ کارنامہ شاذ و نادِر ہی انجام دے پاتے ہیں۔

مزیدخبریں