پیرس اولمپکس: ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا

Aug 08, 2024 | 23:51:PM

(24 نیوز )پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کرکے اولمپکس کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کردیا۔

 ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرو نہ کرسکے لیکن دوسری باری میں ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کی جو اولمپکس کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی تھرو ہے،اس سے قبل اولمپک ریکارڈ 90 اعشاریہ 57 میٹر کا تھا جو کہ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بنایا تھا۔

ارشد ندیم نے تیسری باری میں 88.72میٹر تھرو کی،ارشد ندیم نے چوتھی باری میں 79.40میٹر تھرو کی،ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 84.87میٹر تھرو کی اور آخری باری میں وہ 91.79 میٹر کی تھرو پھینک کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ، سابق اولمپک چیمپئن بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا صرف 89.45 میٹر کی تھرو پھینک سکے وہ صرف ایک ہی تھرو پھینکنے میں کامیاب ہوئے البتہ سلور میڈل ان کے نام رہا۔

خیال رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا ، جبکہ گولڈ پاکستان نے 1984 میں لیا تھا یوں پاکستان کا 40 سال بعد یہ پہلا گولڈ میڈل ہے ۔

مزیدخبریں