(24نیوز)کراچی شہر میں بھتہ خوری کے واقعات ایک بار پھر سر اٹھارہے ہیں اور کاروباری شخصیات کو بھتہ دینے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ بلڈر سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا
تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ نیوٹاؤن تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر بلڈر کو 50 لاکھ روپے بھتے کی پرچی ملی جس کے بعد واقعے کا مقدمہ متاثرہ بلڈر محمد عمران کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔متاثرہ بلڈر عمران نے پولیس کو بتایا کہ جمال الدین افغانی روڈ پر اپنے دفتر میں پارٹنر اشرف اور ملازم محمد عمران کے ساتھ موجود تھا کہ اس دوران 2 ملزمان پستول اور گرینیڈ ہاتھ میں تھامے دفتر میں گھس گئے۔بلڈر عمران نے بتایا کہ ملزمان نے پہلے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی اور موبائل فون اور نقد رقم چھین لی۔
جس کے بعد ایک پرچی دی جس پر بیرون ملک کا فون نمبر اور استاد احمد علی مگسی لکھا ہوا تھا، ملزمان نے کہا کہ اس نمبر سے فون آئے گا اور 50 لاکھ روپے بھتے کا بندوبست کر لو جب کہ ملزمان نے جاتے ہوئے ٹی ٹی پستول کا بٹ سر پر مار کر مجھے زخمی کر دیا۔عمران نے کہا کہ 10 منٹ بعد پرچی پر لکھے ہوئے نمبر سے واٹس ایپ پر فون آیا اور فون کرنے والے نے اپنا نام احمد علی مگسی بتایا اور 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا جب کہ بھتہ خور نے دھمکی دی کہ یہ ابھی ٹریلر ہے، 50 لاکھ کا بندوبست نہیں ہوا تو بعد میں بچوں سے وصول کرلیں گے۔اس واقعے کی سی سی ٹی وی بھی موصول ہوئی ہے جس میں مسلح ملزمان بلڈر عمران کے دفتر میں لوٹ مار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔