(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کی کارکردگی پر ’نوکمپرومائز‘ کی پالیسی اپنالی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اگلے ڈھائی سال حکومتی ترجیحی پالیسیوں پر عملدرآمدکرانےکا پلان ترتیب دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وزیراعظم آفس 42 وزارتوں ،ڈویژنوں کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹرکرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ وزرا اور سیکرٹریزکو حکومتی اہداف کے ٹائم فریم میں عملدرآمد کا پابند بنایا جائے گا جبکہ کابینہ اور محکمانہ اجلاسوں کے فیصلوں پرعملدرآمد کی رپورٹس تیار ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق عوامی ریلیف اور فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے فیصلوں پر عملدرآمد کو ترجیح دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کےلئے کئی آپشنز پرغور شروع کردیا ہے۔