اپوزیشن استعفے دے ، الیکشن کرا دینگے،وزیر اعظم

Dec 08, 2020 | 18:46:PM

 (24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کیساتھ این آر او کے علاوہ ہر چیز پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو نئے الیکشن کرائیں گے۔ اپوزیشن پراعتماد ہے تو میں بھی پراعتماد ہوں۔ اپریل 2021 میں سینٹ الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے
ایک بیان میںوزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کہ اپوزیشن کو بیرون ملک سے سپورٹ حاصل ہے۔ کچھ ممالک پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلم ممالک کو غیر مستحکم کیا گیا، پاکستان میں بھی ایسا کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بات چیت شروع کریں تو ان کے رہنما اپنے مقدمات لے کر بیٹھ جاتے ہیں۔ اپوزیشن نیب کا خاتمہ چاہتی ہے تاکہ ان کے کیسز ختم ہو جائیں۔
عمران خان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پاس نہ جانے کو اپنی سب سے بڑی غلطی تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس بروقت نہ جانا سب سے بڑی غلطی تھی۔ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس 10 مہینے تاخیر سے نہیں جانا چاہئے تھا۔
 عالمی وبا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس خطرناک ہوتا جا رہا ہے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ مزید کیا تباہی پھیلائے گا۔ اس موقع پر اپوزیشن انتشار پھیلانا چاہتی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم طاقت کا استعمال کریں لیکن حکومت طاقت کا استعمال نہیں کریگی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے فوج کی جانب سے ہر پالیسی پر مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اسمبلی میں سوالات کا جواب دوں لیکن مجھے بات بھی نہیں کرنے دی جاتی۔ 

مزیدخبریں