بھاری بستے ختم،کے پی کے اسمبلی نے سکول بیگ بل منظور کر لیا

Dec 08, 2020 | 19:27:PM

 (24نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں سکول بیگز  بل منظور کر لیا گیا۔ بل کے تحت ہر کلاس کے لئے الگ الگ وزن کا بیگ ہوگا۔

بل کے مطابق پہلی جماعت کے طلبہ کے لئے سکول بیگ کا وزن دو اعشاریہ چار کلو گرام، دوسری جماعت کیلئے دو اعشاریہ چھ کلو گرام اور تیسری کلاس کے لئے تین کلو گرام ہوگا۔ مجوزہ قانون کے ڈرافٹ میں دوسری سے پانچویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن اڑھائی سے 5 اعشاریہ 3 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز دی گئی تھی۔ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسکول بیگز کا وزن 5 اعشاریہ 4 سے ساڑھے 6 کلوگرام تک رکھنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن 7 کلوگرام رکھنے کی تجویز گئی تھی۔
 سکول بیگز ایکٹ پہلا ایسا قانون ہے جسے کسی اسمبلی کی جانب سے منظور کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی پر ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ قانون کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
 صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے اس حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے بچوں کو بھاری سکول بیگز سے مکمل نجات ملے گی۔ سکول بیگ وزن کم ہونے سے بچوں کی بہتر ذہنی اورجسمانی نشونما ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بیگ کو سمارٹ کر دیا ہے۔ طلبہ صرف ضرورت کی کتابیں لائیں گے۔ بل پر عمل درآمد کے لئے مہم بھی چلائی جائے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 7 اکتوبر کو پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبر پختونخوا کابینہ نے سکول بیگز کے وزن سے متعلق مجوزہ قانون کا ڈرافٹ منظور کیا تھا۔

مزیدخبریں